ہواوے کی پاکستان بھر میں سمارٹ سٹیز کی تعمیر کے لیے سپر ایپ کی تجویز

ہواوے

ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کارپوریشن ہواوے ٹیکنالوجیز کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان بھر میں سمارٹ سٹیز کی تعمیر کے لیے سپر ایپ کی تجویز دے دی۔

یہ ایپ ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے طور پر کام کرتی ہے،انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے ساتھ یہ سپر ایپ ممکنہ طور پر پاکستان بھر کے شہروں کو سمارٹ اور موثر مراکز میں تبدیل کر سکتی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق چینی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کارپوریشن ہواوے ٹیکنالوجیز کمپنی لمیٹڈ کے ایک وفد نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ خواجہ کے دفتر کا دورہ کیا۔

ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن کی قیادت میں ٹیم نے مختلف پروگراموں، اقدامات اور آئی سی ٹی انفراسٹرکچر سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ایک دلچسپ پیش رفت پر روشنی ڈالی جس میں کمپنی نے ایک سپر ایپ تیار کی ہے جو ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے طور پر کام کرتی ہے۔

چینی سائنسدانوں نے ہائیڈ روجن کی پیداوار کے لیے ڈیوائس ڈیزائن کرلی

یہ ایپ سرکاری خدمات، سروس ہاٹ لائنز، صحت اور تعلیم اور مختلف منی ایپس کو بلاتعطل جوڑتی ہے، انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے ساتھ یہ سپر ایپ ممکنہ طور پر پاکستان بھر کے شہروں کو سمارٹ اور موثر مراکز میں تبدیل کر سکتی ہے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شیزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کرنے اور ان کی صلاحیت کو بڑھانے اور معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے جواب میں ہواوے کے سی ای او نے پاکستان کی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے کمپنی کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی کا مقصد مکمل طور پر مربوط اور ذہین دنیا بنانا ہے۔

ماضی میں چین کی ٹیکنالوجی کمپنی نے بھی اسلام آباد میں ایک علاقائی ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے پاکستان میں تقریبا 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

اس سرمایہ کاری میں ہواوے صارفین کے آلات کی فروخت کی حمایت کے لئے موجودہ تکنیکی سپورٹ سینٹر کو بڑھانا بھی شامل ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں