امید ہے مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر نہیں نکلیں گے، رانا ثنا اللہ


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان کا شکوہ درست ہے تاہم امید ہے وہ پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر باہر نہیں نکلیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مذاکراتی عمل کا حصہ نہ بنانے کا شکوہ درست ہے تاہم آج رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے اپنے گلے شکوے کیے جو درست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا بہت احترام کرتے ہیں اور گزشتہ 2 سال میں مولانا نے کوئی بات کی ہے تو نواز شریف نے ان کی کوئی بات رد نہیں کی اور نواز شریف کی کوئی بات مولانا فضل الرحمان نے بھی رد نہیں کی اسی وجہ سے آج دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی 4 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ایک گھنٹے کی طویل ون آن ون ملاقات ہوئی ہے تاہم اس کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ مولانا فضل الرحمان کسی صورت بھی پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر نہیں نکلیں گے تاہم یہ میری ذاتی رائے ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان مذاکراتی عمل میں مولانا فضل الرحمان کا بات چیت کا حصہ نہ بنانے کا گلہ درست ہے اس میں کوتاہی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم مولانا کے ساتھ مسلم لیگ ن کا سیاسی اشتراک رہا ہے اور دونوں نے کافی وقت اکٹھے گزارا ہے۔


متعلقہ خبریں