اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد میں آج سے ہلکی اور موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے اور یہ سلسلہ تقریباً تین روز تک جاری رہے گا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے اکثر مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں سلپ
تیز بارش کی وجہ سے گوادر، کیچ، تربت، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد، دالبندین، خضدار، ڈیرہ غازی خان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔