شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کو منا لیا، ساتھ دینے کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کو منا لیا۔

شیر افضل مروت پارٹی شوکاز نوٹس ملنے کے بعد قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر کے گھر پہنچ گئے اور اپنے بیان سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کو گلے لگا لیا۔

شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کے گال پر بوسہ دیا اور انہیں گلے لگا کر منا لیا جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ناراضگی ختم ہو گئی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو اگر میری بات بُری لگی تو وہ آدھی رات کو کال کر کے مجھے بتا دیتے میں ان کے گھر آکر ناراضگی ختم کر لیتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے میڈیا پر جو گفتگو کی اسے غلط رنگ دے کر پیش کیا گیا جبکہ میرا مؤقف شروع سے ہی یہ تھا کہ انتخابات کے حوالے سے ہمیں جیسا احتجاج کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سنی اتحاد کونسل نے اپنا امیدوار تبدیل کر کے پہلا یو ٹرن لے لیا ہے ،مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بیرسٹر گوہر میرے بھائی ہیں اور میں ان کے گھر یہی معلوم کرنے آیا تھا کہ کیا یہ واقعی ناراض ہیں یا پھر شوکاز خلائی مخلوق نے بھیجا ہے۔ میں پی ٹی آئی کارکنان کو یقین دلاتا ہوں کے ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین نامزد کیا ہے اور وہ ہمارے چیئرمین رہیں گے۔ خان نے جس کو بھی نامزد کیا وہ ہمارے سر کا تاج ہے۔


متعلقہ خبریں