ایم کیو ایم نے آئینی ترمیم پر حمایت مانگ لی


اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے مسلم لیگ ن سے 3 نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت مانگ لی۔

ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی کی مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد میں اسحاق ڈار، ایاز صادق اور ملک محمد احمد خان شامل تھے۔

ایم کیو ایم نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے مسلم لیگ ن سے 3 نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت مانگ لی جبکہ دونوں جماعتوں نے حکومت سازی کے حوالے سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں لوگوں کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کے لیے مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: جتنی سیٹیں یہ مانگ رہے ہیں، بنگلہ دیش میں بھی ان کی حکومت بن جائے گی، عظمی بخاری

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ملک کو درپیش مسائل کا حل اور بحرانوں سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے جبکہ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کو آئینی تحفظ دلوانا اولین ترجیح ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے اور کل صبح دوبارہ نشست ہو گی۔ کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کےحوالے سے کچھ چیزیں پہلے سے طےشدہ ہیں۔


متعلقہ خبریں