مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ جیتنے والے آزاد امیدواروں نے ن لیگ کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔
نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں عام انتخابات میں کامیابی سیمٹنے والے امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران آزاد امیدواراہم اعلان کریں گے، آئین کے مطابق آزاد امیدوار کو 72 گھنٹوں میں کسی پارٹی میں شامل ہونا ہے۔
اے این پی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر ہوتی عہدے سے مستعفی
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم کسی کو اپنے ساتھ ملانے کیلئے زبردستی نہیں کرسکتے، ہم پنجاب میں اکثریتی جماعت ہیں، انتخابی نتائج میں تاخیر نہیں ہوناچاہیے تھی، آزاد امیدوار جماعت میں شامل نہیں ہوں گے تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کہا تھا کہ اکثریت ہوگی تب بھی دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آزاد امیدوار ن لیگ کی کامیابی کے قریب بھی نہیں، مانگ کر نہ پہلے ذمہ داری لی نہ اب لوں گا، پارٹی فیصلہ کرے گی، بلاول بھٹو کے والد کی آزاد امیدواروں کو قابو کرنے کی صلاحیت اچھی ہے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سامنے آنے والے انتخابی نتائج اور مسلم لیگ(ن)کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق مسلم لیگ(ن)قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔