اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا پر کام شروع کردیا

کرنسی نوٹوں

اسلام آباد(شہزاد پراچہ) بینک دولت پاکستان نے تمام مالیتوں کے نئے کرنسی (بینک) نوٹوں کی ڈیزائننگ پر کام شروع کردیا ہے، جس کے بعد انہیں جاری کیا جائے گا۔

دنیا بھر میں مرکزی بینکوں کی یہ روایت ہے کہ وہ ہر پندرہ سے بیس سال کے بعد کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز متعارف کراتے ہیں، جس کا مقصد ان نوٹوں کی سالمیت کو محفوظ بنانا اور ان کے ڈیزائن اور سیکورٹی خصوصیات کو تازہ ترین تکنیکی پیش رفت کے مطابق بنانا ہوتا ہے۔

نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کے سلسلے میں ابتدائی اقدام کے طور پر، اسٹیٹ بینک جدید اور موضوعاتی ڈیزائن آئیڈیاز کے حصول کے لیے آرٹ کا ایک مقابلہ منعقد کر رہا ہے۔

مقامی فنکار، ڈیزائنر اور آرٹ کے طلبہ 11 مارچ 2024ء تک اپنے ڈیزائن اسٹیٹ بینک کو بھیج سکتے ہیں۔ بینک نوٹوں کی موجودہ مالیتیں سات عدد ہیں اور ہر مالیت کے لیے سرِفہرست تین ڈیزائنوں کو منتخب کرکے انہیں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ آرٹ کے مقابلے کے بارے میں مکمل معلومات اس لنک پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔
https://www.sbp.org.pk/ArtCompetition/ArtCompetition.pdf

آرٹ کے مقابلے کے نتیجے میں ڈیزائن سے متعلق سامنے آنے والے خیالات اور تصورات کا اگلا مرحلہ یہ ہوگا کہ وہ ایک اور مقابلے کے ذریعے منتخب کیے جانے والے معروف پروفیشنل بینک نوٹ ڈیزائنرز کے حوالے کیے جائیں گے جو ہر مالیت کے نوٹ کے لیے طباعت کے قابل اور حتمی ڈیزائن تیار کریں گے۔

حتمی ڈیزائن منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔ نئی بینک نوٹ سیریز جاری کرنے میں کئی مراحل ہوتے ہیں اس لیے اس میں بے حد محتاط منصوبہ بندی اور متعدد اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

نئی بینک نوٹ سیریز کے اجرا میں عموماً دو سے تین سال لگتے ہیں تاہم اسٹیٹ بینک اس عمل کو اگلے دو سال کے دوران پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

موجودہ کرنسی نوٹ نئی سیریز کے اجرا کے بعد بھی گردش میں رہیں گے۔ جب نئے نوٹ جاری ہو چکے ہوں گے اور کافی تعداد میں گردش میں آ جائیں گے تب موجودہ نوٹوں کو گردش سے نکالنے کا فیصلہ بتدریج اور مرحلہ وار کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں