شدید دھند کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند


اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں آج پھر دھند کا راج جاری ہے۔ شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم ہونے سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو کو کوٹ مومن سے راوی ٹول پلازہ تک بند کر دیا گیا اور موٹروے ایم تھری پرٹریفک کا رخ رجانہ سے موڑ دیا گیا۔

موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے جڑانوالہ تک اور ایم فور کو ملتان سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا گیا۔

موٹروے ایم فائیو کو ملتان سے اوچ شریف تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ظاہر پیر سے اوچ شریف تک ہیوی ٹریفک کو موٹروے پر آنے سے روک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا گمنام، ناقص اور غیر سنجیدہ درخواستوں پر کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ

ترجمان کے مطابق ایم فور کو بھی شیر شاہ سے عبدالحکیم تک دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ایم فائیو کو شیر شاہ سے اُچ شریف تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھند کے دوران سفر کرنے والے گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔


متعلقہ خبریں