جڑواں شہروں سمیت مختلف علاقوں میں بارش

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، گجرات سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو علی الصبح بادل پرس پڑے۔ موسم سرما کی پہلی بارش سے خشک سردی اور دھند میں کمی ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع اور شمالی بلوچستان میں جزوی ابر آلود رہے گا  تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی جس کے باعث مذکورہ علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مری، گلیات اور گردونواں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، کرم ایجنسی، خیبر، مہمند اور وزیرستان سمیت چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول کا ایجنڈا ملک کی تقدیر بدلے گا، آصف زرداری

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت میں اسکردہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ، استور، کالام، گلگت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ، چترال، دیر، مالم جبہ، راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


متعلقہ خبریں