ایڈن برگ: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔
اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئی بھی اسکاٹش بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 82 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اننگز کے پہلے اوور میں ہی اسکاٹ لینڈ کو جارج منسی کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے عثمان خان شنواری کا شکار بنے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین رچی بیرنگٹن تھے جو 20 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان کائل کٹزر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور عثمان خان کی گیند پر ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے جبکہ ڈائلن بج چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
بعد میں آنے والے بیٹسمین بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 82 رنز بناکر 15ویں اوور میں ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، عثمان خان نے دو جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو جیت کے لیے167 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر دوسرے میچ میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آٹھویں اوور میں احمد شہزاد 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئےجبکہ اس کے اگلے ہی اوور میں فخر زمان بھی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
گزشتہ میچ میں 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے پاکستانی کپتان سرفراز احمد اس مرتبہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 14 رنز بناکر کرس سول کا شکار بن گئے تاہم سرفراز کی وکٹ میں بولر سے زیادہ کردار اسکاٹش فیلڈروں کا تھا جنہوں نے مل کر ناقابل یقین کیچ کو ممکن بنایا۔
حسین طلعت 17 جبکہ آصف علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے اس وقت پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر صرف 98 رنز تھا، اس موقع پر شعیب ملک اور شاداب خان کے درمیان 54 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالا۔
شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے پانچ چھکے بھی لگائے، شاداب خان نے 17 رنز بنائے۔
اسکاٹ لیںڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے تین، کرس سول نے دو جبکہ مارک واٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
عثمان خان شنواری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔