اسلام آباد: امیدواروں کو انتخابی نشان جاری


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس نے امیدواروں کو انتخابی نشان جاری کر دیئے۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے تحریک انصاف کے شعیب شاہین بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑیں گے اور ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے شعیب شاہین کو فاختہ کا انتخابی نشان جاری کر دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کو شیر کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا جبکہ خواجہ سرا امیدوار نایاب علی کو سبز مرچ کا نشان دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا، اکبر ایس بابر

قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے 25 آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 12 مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔

ڈی آر او کی جانب سے اسلام آباد کے 3 حلقوں کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے اور اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں سے 119 امیدوار انتخاب لڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امیدواروں کو نشان الاٹ کرنے کا مقررہ وقت ختم ہو گیا

قومی اسمبلی کے حلقہ این 46 سے 44 امیدوار جبکہ حلقہ این اے 47 سے 37 امیدوار میدان میں اتریں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 سے 38 امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ تحریک انصاف کے تمام رہنما آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔

کراچی کے کچھ حلقوں سے بھی تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے گئے۔ ریٹرننگ افسران نے نشان الاٹ کرنے کے بعد فارم 33 بھی جاری کر دیئے۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 122 ڈسٹرکٹ سینٹرل سے فرحان سلیم کو ریکٹ کا نشان الاٹ کیا گیا جبکہ صوبائی نشستوں پر فہیم خان،عابد جیلانی، وقاص نیازی اور اکرم چیمہ کو وکٹ کا نشان دے دیا گیا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 231 کے امیدوار طاہر ملک اور سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 95 سے راجہ اظہر کو بھی وکٹ کا نشان جاری کر دیا گیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امیدوار اب فیصلے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ 10 کروڑ ووٹرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ ٹیکنیکل بنیادوں پر کیا گیا ہے جبکہ ہم نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا تھا پشاور ہائیکورٹ میں اپیل پینڈنگ ہے اور پشاور ہائیکورٹ میں اپیل اس لیے کی تھی کہ پارٹی انتخابات پشاور میں ہوئے۔


متعلقہ خبریں