قدرتی آفات کو روکنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں، صدر الخدمت فاؤنڈیشن


راولپنڈی: صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کو روکنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہے تاہم الخدمت کے رضاکار مصیبت زدہ افراد کی مدد کے لیے ہروقت موجود ہوتے ہیں۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز 1122 حکومت پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری سمیت دیگر ذمہ داران نے انہیں مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت کی پہچان ہے جبکہ پاکستان میں آنے والی کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہر اول دستے کی صورت موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں لیکن مناسب تربیت اور حفاظتی انتظامات سے اس کی شدت اور ممکنہ نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے جبکہ اس عرصے میں ریسکیو 1122 نے ہماری بہت رہنمائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزمودہ پارٹیوں کی کامیابی عوام کی ناکامی ہو گی، سراج الحق

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ 1122 کی وجہ سے الخدمت فاؤنڈیشن اپنے اسٹاف اور رضاکاروں کو حادثات سے نمٹنے کی تربیت دینے میں کامیاب ہوئی۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ الخدمت جو خدمات بطور رفاعی ادارہ سر انجام دے رہی ہے وہ ناقابل فراموش ہیں اور بالخصوص الخدمت فاؤنڈیشن نے ترکیہ کے زلزلے میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں وہاں بھجوائیں اور غزہ فلسطین کے لیے حالیہ امدادی سرگرمیاں بھی قابل تحسین ہیں۔


متعلقہ خبریں