میز پر بکھری اشیا سمیٹنے والے چوہے کی ویڈیو وائرل


چوہے کی نفاست نے انسانوں کو بھی حیران کر دیا۔ انٹرنیٹ پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں چوہے کو میز پر بکھری اشیا سمیٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

انٹرنیٹ پر چوہے کی میز پر اشیا سمیٹتے وائرل ہونے والی ویڈیو ویلز کی ہے جو 75 سالہ وائلڈ لائف فوٹوگرافر روڈنی ہالبروک نے نائٹ ویژن کیمرے کی مدد سے بنائی ہے۔ ویڈیو میں چوہے کی نفاست نے انسانوں کو بھی حیران کر دیا جو ہر رات چپکے سے اپنے بل سے نکل کر میز کی صفائی کرتا ہے۔

فوٹوگرافر روڈنی ہالبروک کو ایک روز شک ہوا کہ وہ جب صبح اٹھتا ہے تو میز پر بکھری اشیا کوئی سمیٹ چکا ہوتا ہے اور وہ رات کو جو اشیا میز پر بکھیر دیا کرتا ہے وہ سلیقے سے ایک جگہ پر کر دی جاتی ہے۔

ہالبروک نے اس راز کو جاننے کی کوشش کی اور ایک رات وہ نائٹ ویژن کیمرہ نصب کر کے سو گیا تاہم جب صبح اٹھ کر اس نے کیمرے کی ریکارڈنگ چیک کی تو وہ حیران رہ گیا۔

ریکارڈ ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوہا میز پر بکھری اشیا کو ایک ایک کر کے اٹھاتا ہے اور ٹرے میں رکھتا جاتا ہے، ہالبروک کے مطابق یہ چوہا تقریباً 2 ماہ سے ہر رات اسی طرح بکھرا سامان سمیٹ رہا ہے، اور وہ اسے اب ’ویلز کا صفائی والا چوہا‘ کہتا ہے۔

ہالبروک نے کہا کہ پہلے تو وہ بہت حیران ہوئے اور پھر انہیں مزا آیا کہ اب انہیں کوئی فکر نہیں کرنی پڑے گی اور بکھری چیزیں چوہا سمیٹ لیا کرے گا۔ ہالبروک کے مطابق 100 میں سے 99 بار چوہا رات کو ضرور ایسا کرتا ہے۔

یونیورسٹی آف برسٹل کی ڈاکٹر میگن جیکسن نے جب اس چوہے کے اس ’کام کے جذبے‘ کو دیکھا تو حیران رہ گئیں اور کہا کہ یہ غیر معمولی ہے، اس کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آ رہی ہے، سوائے اس کے کہ یہ چوہے کا کوئی باطنی جذبہ ہے، جس کے تحت وہ بکھری چیزیں ایک جگہ جمع کر کے اچھا محسوس کرتا ہو گا۔


متعلقہ خبریں