مخصوص نشستوں سے آصفہ بھٹو کا نام واپس، ضمنی الیکشن لڑیں گی


کراچی: پیپلزپارٹی کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست سے آصفہ بھٹو زرداری کا نام  واپس لے لیا گیا ہے، اب وہ بلاول بھٹو کی خالی کردہ نشست پر قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گی، پیپلز پارٹی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی ترجیحی فہرست میں بھی ان کا نام شامل نہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری لیاری اور لاڑکانہ سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور دونوں نشستیں جیتنے کی صورت میں وہ لاڑکانہ والی نشست اپنے پاس رکھیں گے اور لیاری کی نشست خالی کر دیں گے جہاں سے آصفہ بھٹو ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گی۔

اس سے قبل انہوں نے این اے 202  سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے تھے تاہم انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا، ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو خود بھی لیاری سے اپنی انتخابی سیاست کا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔

1970 کے انتخابات کے بعد سے لیاری کا علاقہ پیپلزپارٹی کا گڑھ کہلاتا ہے  اور 1970 سے  2013 کے دوران پیپلزپارٹی نے یہاں سے ہرالیکشن جیتا ہے۔


متعلقہ خبریں