غزہ: حماس اور اسرائیل کی عارضی جنگ بندی کے آخری روز حماس نے مزید یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس نے جنگ بندی کے آخری روز 2 روسی شہری، 10 اسرائیلی اور 4 تھائی شہریوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔ جنگ بندی کے آخری روز حماس کی جانب سے 16 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔
اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں سمیت 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔
فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں قتل عام دوبارہ شروع نہیں ہو سکتا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ جنگ بندی کا دورانیہ بڑھانے کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کا غزہ کو اسٹار لنک کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ واپس
سعودی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کافی نہیں ہے بلکہ ہم سیز فائر چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے دوران حماس کی جانب سے 60 اسرائیلی اور 23 غیرملکیوں کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ اسرائیل نے جنگ بندی کے دوران 180 فلسطینیوں کو رہا کیا۔