الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کیلئے امدادی سامان کا جہاز روانہ کر دیا


راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ متاثرین کے لیے امدادی سامان العریش ایئرپورٹ مصر روانہ کر دیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ متاثرین کے لیے چارٹرڈ طیارہ کارگو بوئنگ 474 کے ذریعے مصر کے العریش ایئرپورٹ امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کے ذریعے مصر بھیجا گیا ہے اور ہم مزید 5 طیاروں کا امدادی سامان بھجوانے کی پوزیشن میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 7 اضلاع میں غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ غزہ متاثری کے لیے روانہ کیے گئے سامان میں غذائی اجناس، ادویات و دیگر اشیا موجود ہیں جبکہ ہمارے ساتھ رجسٹرڈ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی فی الفور غزہ فلسطین پہنچ کر زخمیوں اور مریضوں کاعلاج شروع کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 2 ہزار 245 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف الخدمت کے ساتھ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جن میں ایک ہزار 600 اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہیں۔ میڈیکل ریلیف کے اس مشن میں 45 فیصد خواتین نے غزہ جانے کے لیے حامی بھری ہے۔ غزہ میں اس وقت 25 ہزار زخمیوں کو فوری علاج کی ضرورت ہے اور وہاں کے 35 اسپتالوں میں سے 16 بند ہو چکے ہیں۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ اگر ہمارے میڈیکل مشن کی فوری طور پرغزہ میں انٹری ممکن نہ ہوئی تو پھر متبادل کے طور پر مصر میں غزہ کے قریب فیلڈ اسپتال قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔


متعلقہ خبریں