خیبر پختونخوا میں بارشیں، الرٹ جاری

Rain

پشاور: خیبر پختونخوا میں بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے نے اپنے جاری کردہ مراسلے میں کہا ہے کہ تیز بارشوں اور ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں 2 سے 3 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پیشگی اقدامات اٹھائے۔

ضلعی انتظامیہ چھوٹی، بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی جاری رکھے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کی صورت میں عوام بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

مراسلے میں حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت کر دی گئی۔ حساس اضلاع میں مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پارکنگ اور ٹریفک کیلئے پیدا کردہ مسائل کا فوری سدباب کیا جائے، نگران وزیر اعظم

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ 10 نومبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں