وزارت آئی ٹی موبائل قسطوں پر نہیں دیگی، ہمارا کام صرف پالیسیاں بنانا ہے، ترجمان

mobile phones

ترجمان وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی علی کاظم نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی کی جانب سے موبائل قسطوں پر نہیں دیے جائیں گے۔

وزارت آئی ٹی کے ترجمان نے اپنے ایک حالیہ بیان میں قسطوں پر موبائل فونز دیے جانے کے معاملے پر وضاحت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کا کام صرف اور صرف پالیسیاں بنانا ہے۔

جنوری میں سستے موبائل فون قسطوں پر دستیاب ہو نگے : عمر سیف

علی کاظم کا کہنا تھا کہ فی الحال وزارت آئی ٹی کی جانب سے موبائل مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کا مقصد پاکستان میں زیادہ سے زیادہ موبائل فون بنانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس اسکیم سے موبائل تو زیادہ بن رہے ہوں گے لیکن پھر اس کی سپلائی اور ڈیمانڈ کو بڑھانے کیلئے وزارت قسطوں پر موبائل دینے کے حوالے سے پالیسی بنائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ قسطوں پر موبائل وزارت نہیں بلکہ موبائل مینوفیکچر کمپنیاں، ٹیلی کام کمپنیاں اور بینک مہیا کریں گے۔

موبائل فونز کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نگران وفاقی وزیر آئی ٹی عمر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا  تھا کہ پاکستانیوں کو جنوری میں میڈ ان پاکستان سستے موبائل فون قسطوں پر دستیاب ہوں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ کوئی وجہ نہیں کہ موبائل فونز ملک کے اندر اسمبل اور مینو فیکچر نہ ہوسکیں، میڈ ان پاکستان فون کم قیمت ہوں گے اور ایک فون کی اوسطاً قیمت 15 ہزار روپے ہوگی۔


متعلقہ خبریں