غزہ کو اسرائیلی فوج کا قبرستان بنا دیں گے، حماس


غزہ: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ہم غزہ کو اسرائیلی فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا دفاعی آپریشن جاری ہے اور ابھی تو صرف شروعات ہوئی ہیں ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کو دشمن کا قبرستان بنا دیں گے، مسلم امہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس جنگ میں شامل ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: یمن کا اسرائیل  کے خلاف جنگ کا اعلان

ابو عبیدہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان اب تک 22 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کر چکے ہیں، دشمن کے ٹینکوں اور گاڑیوں کو مختلف قسم کے اینٹی آرمر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے ساتھ جھڑپوں کے دوران بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ دشمن کے اہداف پر حملہ کرنے کے لیے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی استعمال کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ منظم طریقے سے افراتفری پھیلا رہا ہے، روسی صدر

القسام بریگیڈ کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ میں اسرائیل گھٹنے ٹیکے گا اور یہ نیتن یاہو کے خاتمے کا باعث بنے گی۔ ثالثی کرنے والے ممالک کو آگاہ کیا ہے کہ ہم آنے والے دنوں میں مزید غیر ملکی قیدیوں کو رہا کر دیں گے۔

حماس ترجمان نے اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اپنے کمانڈر کی موجودگی کی بھی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیا۔


متعلقہ خبریں