چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور چائلڈ رائٹس ایکٹیویسٹ سارہ احمد کی زیر قیادت فلسطینی بچوں پر مظالم کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
معروف برینڈ ”بچہ پارٹی ” کے تعاون سے بچوں سے بدسلوکی، چائلڈ لیبر، چائلڈ ٹریفکنگ اور بچوں سے بھیک منگوانے کے خلاف کراچی پریس کلب کراچی میں عوامی آگاہی واک بھی کی گئی۔
سارہ احمد کا کہنا تھا کہ کراچی میں بچوں کے حقوق کیلئے اور بچوں پر تشدد اور استحصال کے خلاف پہلی دفعہ آگاہی واک کی جارہی ہے۔
آگاہی واک کا مقصد بچوں سے بدسلوکی، استحصال، چائلڈ لیبر اور چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینی بچوں پر مظالم کے خلاف فلسطینی بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو قوم اپنے بچوں کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ کامیاب نہیں ہو سکتی۔
سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کو بدسلوکی، چائلڈ لیبر، چائلڈ ٹریفکنگ اور بھکاری مافیا سے بچاؤ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، آگاہی واک کے ذریعے لوگوں میں بچوں کے استحصال کی روک تھام اور چائلڈ پروٹیکشن کا شعور پیدا کرنا ہے۔
بچے اس قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کے استحصال اور زیادتی سے بچانا چاہیے،معصوم اور بے گناہ فلسطینی بچوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ استحصال اور بدسلوکی بچوں کے ذہنوں پر ایک صدمہ چھوڑتی ہے جس سے بچوں کے اعتماد اور شخصیت کو نقصان پہنچتا ہے۔
آگاہی واک کے شرکاء نے بچوں پر تشدد اور زیادتی کے خلاف نعرے بھی لگائے، آگاہی واک میں سول سوسائٹی ممبران، شوبز کی اہم شخصیات، مختلف این جی اوز کے نمائندوں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔