مصر کے اسٹار فٹبالر نے بھی فلسطینیوں کے حق میں ویڈیو پیغام جاری کر دیا


قاہرہ: مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح نے اسرائیلی دہشتگردی کے شکار فلسطینیوں کے حق میں انتہائی جذباتی ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

فٹبالر محمد صالح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں غزہ پر اسرائیلی بربریت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں بات کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اسرائیلی حملوں میں بہت تشدد اور بے انتہا بربریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس اسرائیل تنازع میں شدت ناقابل برداشت ہے۔ تمام زندگیاں مقدس ہیں اور ان کا تحفظ ہونا چاہیے۔ قتل و غارت گری بند ہونی چاہیے۔

محمد صالح نے کہا کہ کئی خاندان ٹوٹ کر بکھر رہے ہیں اور اس وقت یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ فوری طور پر غزہ کے لیے انسانی امداد کی اجازت دی جائے۔ وہاں کے لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات اسپتال کے مناظر بھی دل دہلا دینے والے تھے۔ غزہ کے لوگوں کو خوراک، پانی اور دوائیوں کی ضرورت ہے اور عالمی برادری آگے آئے اور معصوم لوگوں کے مزید قتل عام کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انسانیت کو ہی غالب آنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں