لندن: برطانیہ اور امریکہ میں ہزاروں لوگ فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لندن اور نیویارک میں ہزاروں لوگوں نے فلسطینوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا اور غزہ میں گزشتہ 7 دن سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
لندن میں ہزاروں مظاہرین نے وزیراعظم کی رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ اور بی بی سی ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع ہوئے اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور حمایتی پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔
سیکیورٹی خطرے کے پیش نظر درجنوں پولیس افسران وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے گیٹ کے باہر تعینات تھے۔ مظاہرین نے ‘رشی سونک شرم کرو، سویلا بریورمین شرم کرو کے نعرے بھی لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطین پر اسرائیلی جارحیت، سعودی عرب نے مذاکرات کو روک دیا
لیورپول، برسٹل، گلاسگو اور نیو کیسل میں بھی خواتین بچوں سمیت ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں احتجاج کیا۔
دوسری جانب نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر بھی ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کی سرزمین پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔