نواز شریف پاکستان پہنچ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، شہباز شریف


لندن: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے طلب کرنے پر لندن آیا تھا اور چند دنوں میں پاکستان واپس چلا جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں سنگین مذاق کیا گیا اور نواز شریف کا مینڈیٹ چھینا گیا۔ آج ہماری قانونی اور انتظامی میٹنگ تھی جس میں طے ہوا کہ مینار پاکستان پر جلسہ ہو گا اور نواز شریف اپنا اگلا لائحہ عمل بتائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو پیغام بھیجا گیا پچھلی دفعہ جہاز میں باندھا تھا، اس دفعہ باندھ کر ہی رکھیں گے، فیصل واووڈا

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے واپس تشریف لا رہے ہیں۔ نواز شریف کے 4 سالہ دور میں بجلی کے اندھیرے ختم ہوئے اور نوجوانوں کو نوکریاں دی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جہاں ختم ہوا تھا وہیں سے شروع ہو گا اور نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے جہاں ان کا فقیدالمثال استقبال ہو گا۔ نواز شریف کو اقتدار سے نہیں بلکہ عوام کو ترقی اور خوشحالی سے محروم کر دیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 4 سال کی تباہی درست کرنے میں وقت لگے گا اور نواز شریف نے کبھی عوام سے جھوٹا وعدہ نہیں کیا لیکن چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عوام کو گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں سکھایا۔


متعلقہ خبریں