اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مذہبی تشخص ختم کر دیا گیا اور پاکستان کی عوام کو ایک دلدل کی طرف دھکیلا گیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے قلعے میں شگاف ڈالنے والے لوگ آج بھی دنیا بھر میں مصروف ہیں، سال 1974 میں عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش کو کچلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت کی متفقہ ترمیم منظور کی گئی ہے اور عالمی برادری کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے متفقہ ختم نبوت کے قانون کا احترام کرنا چاہیے۔ آج پاکستان پر قادیانیت کے حوالے سے دباؤ ہے کہ ختم نبوت کا قانون واپس لیا جائے اور پاکستان کے اداروں اور حکومتوں کے اوپر دباؤ ہے کہ 1974 کی ترمیم کو واپس لے۔
یہ بھی پڑھیں: نیا پاکستان بنا نہ انصاف ملا اور نہ ہی روزگار ملا، پرویز خٹک
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری ملکی معیشت کو جس طرح زمین بوس کیا گیا اس کی نظیر نہیں ملتی جبکہ پاکستانی عوام کو ایک دلدل کی طرف دھکیلا گیا۔ جو حکومت سامنے نظر آتی ہے اسی پر الزام لگا دیا جاتا ہے یہ نہیں دیکھتے معیشت کو یہاں کس نے پہنچایا۔ آج اسٹیٹ بینک وزیر اعظم اور پارلیمینٹ کو جواب دہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے ریاستی بینک کو براہ راست عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے تابع کیا گیا اور آئی ایم ایف کے تابع ہو کر آپ کسی چیز کی قیمت نہیں بڑھا سکتے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پاکستان کا مذہبی تشخص ختم کر دیا گیا ہے اور ان حالات سے نکلنا ہے کہ نہیں یہ سوال اہم ہے، عوام جن سے امید لگائے بیٹھے ہیں ان کے پاس ان حالات سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں۔