سندھ میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں ہوا، رابطے چل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سندھ میں ابھی تک کسی بھی جماعت اسے اتحاد نہیں ہوا البتہ کچھ جماعتوں کے ساتھ رابطے چل رہے ہیں تاہم پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینا صدر مملکت کا اختیار نہیں ہے اور اگر صدر کا اختیار ہے بھی تو اس کا استعمال بدنیتی پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ایک پارٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور وہ جانبدار صدر ہیں، الیکشن کمیشن صدر کے کسی حکم یا تجویز کو ماننے کا پابند نہیں ہے کیونکہ وہ خود ایک ادارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم آئین کو سپورٹ کرتے ہیں، پرویز خٹک

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدر مملکت نے ملکی نظام میں خوامخواہ بھونچال لانے کی کوشش کی ہے اور اس لاحاصل بحث سے انتخابی معاملات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کون سی قوتیں صدر کو سپورٹ کر رہی ہیں؟ جو ملک میں سیاسی عدم استحکام چاہتی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں یہ روش ٹھیک نہیں ہے اور یہ اداروں کو الجھانے کی ایک کوشش ہے جو کامیاب نہیں ہو گی۔ انتخابات کی تاریخ کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ سندھ میں ابھی تک کسی بھی جماعت سے اتحاد نہیں ہوا تاہم سندھ میں کچھ جماعتوں کے ساتھ رابطے چل رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں۔


متعلقہ خبریں