وزارتیں صوبوں کو دی جائیں تو اربوں روپے بچا سکتے ہیں، بلاول بھٹو


سکھر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردری نے کہا ہے کہ وزارتیں صوبوں کو دی جائیں تو ہر سال 100 ارب روپے وفاق کا بچایا جا سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کے کونے کونے میں جائیں گے اور پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے اور اب کوئی چاہے یا نہ چاہے انتخابات تو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وفاق میں حکومت بنے گی تو صوبائی خودمختاری کا کام مکمل ہو گا اور جو وزراتیں ابھی بھی وفاق میں ہیں انہیں صوبوں میں لائیں گے۔ وزارتیں صوبوں کو دی جائیں تو ہر سال 100 ارب روپے وفاق کا بچا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سولر نیٹ میٹرنگ ریٹ میں تبدیلی نہیں کی جارہی، نگران وزیر توانائی

بلاول بھٹو نے کہا کہ جیسے ہم نے صحت کے شعبے میں کام کیے ویسے دیگر وزارتوں میں بھی کریں گے اور جیسے مفت علاج دلوایا ویسے تعلیم بھی دیں گے۔ آپ کے پیسوں پر وفاق نے قبضہ کیا ہے لیکن جب قربانی کا وقت آتا ہے تو اسلام آباد کی بیوروکریسی عوام پر بوجھ ڈال دیتی ہے۔ ہمیشہ کہتے ہیں مشکل وقت اور نازک موڑ ہے، عوام کو قربانی دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ ہمیں موقع دیں گے تو ہم ان بابوں سے قربانی لیں گے اور عوام کے بجائے اشرافیہ پر بوجھ ڈالیں گے۔ میں بھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ 90 دن میں نہیں تو 100 دن میں اتنخابات ہوں گے اور 100 دن میں نہیں تو 120 دن میں انتخابات ہوں گے اور ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں، ملک کے ہر کونے میں جائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ڈیم بنانے والے جج نے غریب عوام کو انصاف دینے کے بجائے غریبوں کے گھر تڑوائے لیکن میں نے اپنے وزیراعلیٰ اور میئر کو ہدایت دی تھی کہ لوگوں کو گھر بنا کے دینا ہے، عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔

انہوں ںے کہا کہ اگر جج کو مفت پلاٹ دے سکتے ہیں تو عوام کو بھی گھر ملنے چاہیئیں، جو لوگ بے گھر ہوئے ان کو مالکانہ حقوق دیئے جا رہے ہیں اور اقلیتوں میں 250 پلاٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ 60 ہزار 200 متاثرین خاندان اپنی زمین کے مالک بنیں گے۔


متعلقہ خبریں