پاکستانی معیشت کو150 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران 80 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستانی معیشت کو 150 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے دہشت گردی کے متاثرین کے عالمی دن کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم ایک ایسی قوم ہیں جس نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے متاثرین کے دکھ اور تکلیف کو بخوبی سمجھتا ہے اور گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران پاکستان کو 80 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی معیشت کو 150 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین تحریک انصاف کو اسپیشل خوراک دی جاتی ہے، ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ان چیلنجز نے ہمیں نہیں روکا اور پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ قومی عزم اور عوام کی بے مثال قربانیوں کی بدولت پاکستان نے حالات کا رخ موڑا جبکہ ہمیں ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر بھی بھارتی ریاستی دہشت گری کا شکار ہے اور بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے جبکہ 1990 کی دہائی سے اب تک 22 ہزار سے زائد خواتین کو بیوہ کیا گیا۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ جامع طریقے سے ان مسائل سے نمٹے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں