اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاروں کی لائن لگ گئی تھی لیکن گزشتہ حکومت نے چین کی کمپنیوں کو کرپشن کے الزامات لگا کر بھگا دیا۔
سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم ہی ملک کی ترقی کا سبب بن سکتی ہے اور دنیا میں جس بھی ملک نے بھی ترقی کی اس نے اعلیٰ تعلیم سے ترقی کی۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہی کسی ملک کی ترقی کا معیار ہوتا ہے جبکہ امریکہ، چین اور کوریا نے بھی تعلیمی میدان میں مضبوطی کی وجہ سے ترقی کی۔ یونیورسٹیاں ہی کسی ملک کی اصل طاقت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اتحادی حکومت نے کم ترین مدت میں بدترین گورننس کا ریکارڈ توڑ دیا، سراج الحق
احسن اقبال نے کہا کہ 2018 کے تجربے سے ملک کو تباہ کیا گیا، سوشل میڈیا اب ایک طاقت بن چکا ہے اور سوشل میڈیا غیر محسوس انداز سے ذہنوں کا رخ موڑ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی کا تعلق محنت اور نتائج سے ہے۔ سی پیک 2017 میں ہمارا برانڈ بن گیا تھا اور سی پیک کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاروں کی لائن لگ گئی تھی لیکن چین کی کمپنیوں پر گزشتہ حکومت نے کرپشن کے الزامات لگا کر انہیں ملک سے بھگا دیا۔ سی پیک کے ساتھ چین نے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔