پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے پنجاب بھر کے دریاوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث الرٹ جاری کردیا گیا۔
ترجمان واپڈا کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 39 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے جہلم میں پانی کی آمد 45 ہزار200 کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک جبکہ دریائے چناب میں پانی کی آمد 82 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 54 ہزار 300 کیوسک ہے۔
ترجمان واپڈا نے بتایا کہ دریائے کابل میں پانی کی آمد 49 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 49 ہزار500 کیوسک ہے۔ جناح بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 26 ہزار، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 46 ہزار 700 اور تونسہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 39 ہزار 600 ہے۔
پنجاب، آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، انتظامیہ ہائی الرٹ
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 55 لاکھ 79 ہزار ایکڑ فٹ ہے جبکہ
منگلا میں آج پانی کا ذخیرہ 68 لاکھ 36 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ 78 ہزار ایکڑفٹ ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ دریائے ستلج میں اسلام ہیڈ پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ اسلام کے مقام سے 62 ہزار 751 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا۔ دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے جبکہ دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور تریموں کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 7 اگست تک جاری رہے گا۔ اگست کے دوسرے ہفتے میں بارشوں کے سلسلے میں کمی کا امکان ہے۔ شہریوں کو سیلاب اور موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔