صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں اگلے 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے جبکہ دریائے ستلج میں سلیمانکی اور اسلام ہیڈ کے مقام پر سیلابی صورتحال ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ منگلا ڈیم 86 اور تربیلا ڈیم 88 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں جبکہ راولپنڈی کے نالہ لئی میں اگلے 24 گھنٹوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔
جولائی میں 65 فیصد معمول سے زیادہ بارشیں، کیا اگست میں بھی سلسلہ جاری رہے گا؟
انہوں نے بتایا کہ ندی نالوں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ کو نالے کے راستے سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
سیلابی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے مزید کہا کہ دریاؤں اور ندی نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کیا جائے۔ ندی نالوں کے کنارے بستیوں کے مکین بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔