اسکردو ایئرپورٹ سے اب بین الاقوامی پروازیں بھی چلیں گی


اسلام آباد: اسکردو ایئرپورٹ کے لیے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز رواں ماہ کر دیا جائے گا۔

ترجمان قومی ایئر لائن (پی آئی اے) عبداللہ حفیظ خان کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز اسکردو ایئر پورٹ پر اترے گی۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پی آئی اے دبئی سے اسکردو کی براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی اور یہ اسکردو ایئرپورٹ کی پہلی بین الاقوامی پرواز ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے مزید 9 ارکان اسمبلی کی پارٹی رکنیت معطل

ترجمان کے مطابق اسکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور دبئی سے آنے والی پرواز کی بکنگ بھی شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوابازی کے شوقین افراد تاریخی پرواز میں سفر کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ پہلی پرواز پر مسافروں کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور دلکش جھیلوں کے نظارے بھی کروائے جائیں گے۔

عبداللہ حفیظ خان نے کہا کہ پرواز دبئی سے اسکردو اور وہاں سے اسلام آباد آئے گی جس میں براہ راست اسکردو کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے مسافر بھی سفر کرسکیں گے۔


متعلقہ خبریں