کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان


ملک کے مختلف علاقوں میں آج موسم گرم رہے گا جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

جولائی میں معمول سے 73 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ

صوبہ سندھ کی بات کی جائے تو کراچی میں آئندہ 2 روز بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا۔ شہرِ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

اسی طرح آج شکارپور، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، کشمور اور خیرپور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری طرف بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کچے کہ مزید 20 دیہات زیر آب آگئے۔ گھوٹکی میں قادر پور کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے نور لکھن کے رہائشی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان

دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر بھی درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے جہاں اب تک 15 سے زائد دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ بہاولنگر کے قریب بسارا بھک لاہور روڑ کا ایک حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا جس سے لاہور سمیت دیگر اضلاع کو جانے والی ٹریفک متاثر ہوگئی۔


متعلقہ خبریں