بیورو کریسی میں بے چینی، متعدد افسران رخصت پر چلے گئے


اسلام آباد: آئندہ انتخابات سے قبل بیورو کریسی میں بے چینی دیکھنے میں آئی ہے جس کا اندازہ کئی افسروں کے اچانک چھٹیوں پرجانے سے لگایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد افسر رخصت پر بیرون ملک روانہ ہوچکے ہیں جن میں سیکرٹری سائنس اینڈ  ٹیکنالوجی یاسمین مسعود، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی عامراشرف خواجہ اور سیکرٹری ایوی ایشن ڈاکٹراعجاز منیر بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ یاسمین مسعود کو نو روز کے لیے بیرون ملک جانے کی رخصت مل گئی جس کے باعث سیکرٹری سیکیورٹی ڈویژن سید افتخار حسین بابر کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اضافی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔

سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی عامراشرف خواجہ بھی سرکاری دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ سیکرٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری ڈویژن شاہ رخ نصرت کو سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔

سیکرٹری ایوی ایشن ڈاکٹر اعجاز منیر بھی چھٹیوں پر چلے گئے ہیں جس کے بعد سیکرٹری واٹر ریسورس ڈویژن شمائل احمد خواجہ کو سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

نگراں حکومت کی جانب سے کچھ  تبادلے بھی کیے گئے ہیں جس کے تحت گریڈ 19 کے محمد یحییٰ کو ڈپٹی سیکرٹری پرائم منسٹرآفس لگا دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 18 کے محمد علی کو ضلعی انتظامیہ سے تبدیل کر کے پرائم منسٹر آفس تعینات کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں عام انتخابات سے قبل ہمیشہ بیوروکریسی میں ہل چل شروع ہو جاتی ہے اور نگراں حکومت کے آنے کے بعد گزشتہ حکومت کی جانب سے تعینات اعلیٰ افسران کو اپنے مستقبل کی فکر ستانے لگتی ہے کیونکہ ان کا مستقبل نئی حکومت کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔

اس مرتبہ بھی انتخابات  سے قبل ن لیگ کی حکومت سے تعلق رکھنے والے بیوروکریٹس نے اپنے متوقع مخدوش مستقبل  کے پیش نظر رخصت پر جانا شروع  کردیا ہے جبکہ بعض کی کوشش تبادلوں کی ہے کیونکہ نگراں حکومت بن چکی ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ آئندہ انتخابات میں کس کی حکومت بنے گی۔


متعلقہ خبریں