بلاول کسی افریقی ملک کا بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا، شیخ رشید

شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خواب دیکھنے پر کوئی ٹیکس نہیں، بلاول کسی افریقی ملک کا بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید نے لکھا کہ (ن) لیگ، پی پی پی، مولانا فضل الرحمان کے خواب دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ان کے خواب آنسوؤں میں بہہ جائیں گے۔

مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، بجلی کا بنیادی نرخ 25سے بڑھا کر 29کر دیا گیا، بے شک ہر گھر میں لیپ ٹاپ دے دیں جس کے گھر بجلی کا بل جا رہا ہے آٹا خرید کر کھا رہا ہے وہ انہیں الیکشن پر 440 وولٹ کا کرنٹ لگائے گا۔

نواز شریف کا مولانا فضل الرحمن کو ٹیلیفون ، دبئی ملاقات پر اعتماد میں لیا

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام اور 13پارٹیوں کے درمیان نفرت انتہائی گہری ہوچکی ہے، غربت سے تنگ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں لیکن نام ہارٹ اٹیک کا لے رہے ہیں کیونکہ اہل خانہ پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش نہیں چاہتے جس ملک میں 8 لاکھ پروفیسر، ڈاکٹر، انجینئر ملک چھوڑ کے چلے جائیں تو پیچھے فضل الرحمان ہی رہ جاتا ہے۔

شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اہل بنانے کیلئے دو تہائی اکثریت چاہیے جو الیکشن کے بعد بھی ممکن نہیں، ان کو اقتدار نہ ملے تو بیمار ہو جاتے ہیں اقتدار ملے تو تقریروں اور سرکاری اشتہاروں کا جمعہ بازار لگا دیتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلی بار لوگوں کے پاس قبر کے پیسے نہیں ہیں ضرورت مند لوگوں کو کفن دفن کا خرچہ بینظیرانکم سپورٹ سکیم سے دیا جائے، بلاول نے 65 غیر ملکی دورے کئے کمپنی کی مشہوری کے علاوہ کچھ نہ ملا، سیاست کے آخری اوور شروع ہونے والے ہیں، جنہوں نے کسی کے ساتھ ہاتھ کیا اب ان کے ساتھ ہاتھ ہوگا۔


متعلقہ خبریں