دونوں ٹانگوں سے معذور شخص نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلیا


کینٹربری، برطانیہ کے رہائشی ہری بدھا ماگر نے دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے کے باوجود دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرلیا۔ 

بی بی سی اردو کے مطابق برطانیہ کے 43 سالہ شہری نے معذوری کے بارے میں تصورات تبدیل کرنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ بری بدھا ماگر کی ٹیم کے مطابق وہ جمعے کی دوپہر 3 بجے سمٹ کر چکے تھے۔

پاکستانی خاتون کوہ پیما نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلیا

سیٹلائٹ فون کال کی مدد سے ہری بدھا ماگر نے اپنی ٹیم کو بتایا کہ یہ انکی توقعات سے زیادہ مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ تکلیف میں تھے جس کی وجہ سے انہیں منزل تک پہنچنے میں زیادہ وقت لگ رہا تھا لیکن وہ رُکے نہیں اور ایورسٹ کی جانب بڑھتے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ساتھ 11 دن پہلے روانہ ہوئے جس کی قیادت کرش تھاپا نامی کوہ پیما کر رہے تھے۔ ایورسٹ تک پہنچنے کی چڑھائی جب مشکل ہوئی تو اُس وقت انکی ٹیم کے ہر شخص نے حوصلہ دیا جس سے انہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والا ایشیا کا پہلا نابینا شخص

خیال رہے کہ ہری بدھا ماگر ایک سابق فوجی ہیں جو 2010 میں افغانستان میں ایک دیسی ساختہ بم پر قدم رکھنے کی وجہ سے اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگئے تھے۔ کوہ پیمائی کی تاریخ میں اپنا نام روشن کرنے کی خواہش دل میں لیے ہری نے دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ارادہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں