چلتے جھولے سے گِر کر نوجوان جاں بحق، ویڈیو وائرل


کراچی کے علاقے کلفٹن میں موجود پارک میں چلتے جھولے سے گِر کر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

یہ افسوسناک واقعہ کلفٹن کے پلے لینڈ نامی پارک میں پیش آیا جہاں 17 سالہ نوجوان کراچی میں اپنے رشتے داروں کے ساتھ گھومنے کیلئے کلفٹن پارک آیا ہوا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیزی کے ساتھ جھولا چل رہا ہے جبکہ اطراف میں کئی لوگ کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ اتنے میں نوجوان چلتے جھولے میں اپنا لاک کھول کر کھڑا ہونے کی کوشش کرتا ہے۔

جھولے کی رفتار تیز ہونے کی وجہ سے نوجوان خود کو سنبھال نہیں پاتا اور دور جاکر گرتا ہے۔

پولیس کے مطابق نوجوان کو انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس نے مزید بتایا ہے کہ 17 سالہ نوجوان کی شناخت ولی اللہ کے نام سے ہوئی جس کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔ حادثے کے بعد پارک انتظامیہ نے متاثرہ جھولا بند کر دیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں