خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا


اسلام آباد: خیبرپختونخوا ( کے پی ) میں نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی بھی نہیں کرسکی اور اب الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گا۔

کے پی میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی نے نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اتوار کے روز پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں  ہوا جس میں تحریک انصاف کی جانب سے شاہ فرمان اور محمود خان جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کی طرف سے محمود بٹینی اور نور سلیم نے شرکت کی۔

تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی کے مطابق پرویز خٹک کی جانب سے اعجاز احمد قریشی اور حمایت اللہ خان کے نام تجویز کیے گئے جبکہ مولانا لطف الرحمان نے منظور آفریدی اور جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کے نام تجویز کیے تھے تاہم کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کے باعث اب معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جا رہا ہے۔

آئین کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ ہونے پر الیکشن کمیشن دو روز میں پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے منتخب ناموں میں سے کسی ایک نام کا اعلان کرے گا۔


متعلقہ خبریں