اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف کوئی بھی ایسا مقدمہ نہیں جس میں وہ نااہل ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم اسپیشل” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہیں۔ عمران خان پر توشہ خانہ اور دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں کوئی دم خم نہیں ہے جبکہ عمران خان نے خریدی ہوئی گھڑی کا تو بتا دیا مگر یہ باقی 75 سالوں کا حساب نہیں دے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: میری لیڈر مریم نواز نہیں نواز شریف ہیں، شاہد خاقان عباسی
بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس مذاق سے کم نہیں اور عمران خان کے خلاف جتنے بھی مقدمات چل رہے ہیں ان میں نااہل ہونے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جو این آر او نہیں لیتا اور نہ ہی ملک سے باہر جاتا ہے۔ ٹیریان والا کیس 2018 میں اٹھایا گیا تھا وہ شیرخوار بچی نہیں بلکہ وہ عورت ہے اور وہ اپنا مقدمہ خود کرے یا نانا کرے تو کیس بنتا ہے۔ اس مقدمے کے چلنے کی وجہ بھی نہیں معلوم۔