لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے سرکاری محکموں کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کر دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں صوبے میں کفایت شعاری پالیسی پر عملدر آمد کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری محکموں کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ آفس سمیت سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں بھی 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے کفایت شعاری پالیسی پر من وعن عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
پرویز الہیٰ نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی کی تفصیلات 7 روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں اور سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کے لیے جامع پالیسی تیار کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: دہشتگردی اور اسلامو فوبیا آج کے دور میں بڑے مسائل ہیں، بلاول بھٹو زرداری
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کے وسائل میں اضافے کے لیے آؤٹ آف باکس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کے لیے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں۔
پرویز الہیٰ نے صوبے کے وسائل میں اضافے کے لیے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کے لیے دن رات ایک کر دیں اور صوبے کے وسائل میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔