عالمی ہاکی فیڈریشن چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کا اعلان


کراچی:عالمی ہاکی فیڈریشن چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی 22 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے،  قومی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کا انتخاب عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی بنیاد پرکیا ہے۔

عالمی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم دوجون کو ہالینڈ روانہ ہوگی  جہاں  ایمسٹرڈیم میں قومی تربیتی کیمپ کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگا جو دو ہفتے تک جاری رہے گا، کیمپ کے اختتام پر 18 رکنی قومی اسکواڈ کا انتخاب ہوگا۔

قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے 80 لاکھ  روپے مالیت کا جدید پولرسسٹم  بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے بعد پاکستان بھی عالمی ہاکی کی اُن 20 ٹیموں میں شامل ہو گیا ہے جو یہ جدید سسٹم استعمال کررہی ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی 23 جون سے یکم جولائی  2018 تک ہالینڈ کے شمال میں واقع شہر بریڈا میں کھیلی جائے گی۔

37 ویں چیمپیئنز ٹرافی میں میزبان ٹیم کے علاوہ  پاکستان، بھارت، بیلجئیم، ارجنٹائن اور آسٹریلیا  کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ  پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے مابین 23 جون کو کھیلا جائے گا، قومی ٹیم  کا دوسرا میچ  آسٹریلیا اور تیسرا میزبان ٹیم سے ہوگا جبکہ کھلاڑی ہالینڈ میں پانچ پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے۔

ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے جن 22 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں رضوان جونیئر، ابوبکر، عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، اعجاز احمد، کپتان رضوان سینیئر، عرفان سینیئر، شفقت رسول، مبشر علیم بلال، علی شان، اسفر یعقوب، رانا سہیل، دلبر، نائب کپتان عماد شکیل بٹ، عمران بٹ، مظہرعباس، توثیق ارشد، راشد علی، تصورعباس اورامجد علی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں