افغانستان کی معاشی ترقی کے لیے بامقصد کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، سرتاج عزیز


اسلام آباد: ڈپٹی چئیرمین برائے منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغان عوام نے گذشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے  پر محیط نامساعد  اورغیر معمولی مشکلات کا سامنا کیا ہے، پاکستان افغانستان کی معاشی اور مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے بامقصد کردار ادا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

سرتاج عزیز افغانستان کے اعلیٰ سطح کے وفد  سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے  جو افغان صدر اشرف غنی کے مشیر برائے انفراسٹرکچر و ٹیکنالوجی کی زیر قیادت پاکستان کے دورے پر ہے، وفد میں افغان سلامتی کونسل کے مشیر محمد حنیف اتمر، این ڈی ایس چیف معصوم ستانکزئی، افغان فوج کے سربراہ محمد شریف یفتالی اور وزیر داخلہ واعظ برمک شامل  ہیں۔

ملاقات میں دوطرفہ معاشی تعاون، باہمی تجارت، توانائی اور زمینی و ریلوے راستے کے ذریعے  روابط  بڑھانے  پر بات چیت اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ  علاقائی اور باہمی روابط کا فروغ  برق رفتار ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، افغان عوام کی  ترقی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل وقت کا اہم تقاضہ ہے، انہوں نے کہا کہ باہمی روابط، تجارت کے فروغ اور معیشت کے استحکام کے لئے زمینی راستوں کی تعمیر نہایت اہم  ہے۔

وفد نے مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ بھی سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک افغان دوطرفہ امور، سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر منیجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک افغان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی پر بھی بات چیت کی گئی۔

پاک افغان قومی سلامتی مشیروں کی حالیہ مہینوں میں یہ چوتھی ملاقات تھی جس میں دوطرفہ امور اور سیکیورٹی کے حوالے سے مل جُل کر کام کرنے کے عزم  کا اعادہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں