لارڈز ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی بالرز کے نام، انگلینڈ 184 پر ڈھیر


لندن: لارڈز کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے انگلینڈ کو 184 رنز پر آؤٹ کردیا جبکہ دن کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنالیے، اننگز کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستانی بلے باز اظہر علی اور حارث سہیل 18 اور 21 رنز پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنرز ایلیسٹر کک اور مارک اسٹون مین نے کیا، انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 کے مجموعی اسکور پر گرگئی جبکہ اسٹون مین چار رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ کی شراکت ایلیسٹر کک اور جو روٹ کے درمیان 21 رنز کی رہی جس کے بعد جو روٹ بھی چار رنز بنا کر حسن علی کی گینڈ پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

گراؤنڈ  میں اترنے والے چوتھے کھلاڑی ڈیوڈ ملان بھی خاطرخواہ  کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف چھ رنز بنا کر لوٹ گئے۔

ڈیوڈ ملان کے کیچ آؤٹ ہونے کے بعد ایلیسٹر کک اور جونی بیئرسٹو نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 57 رنز کی شراکت قائم کی  جس کے بعد بیئرسٹو 27 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

اوپنر بلے باز ایلیسٹر کک نے سب سے زیادہ رنز بنائے اور وہ بیئرسٹو کے بعد 70 رنز پر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے، بعد میں آنے والا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ  کارکردگی نہ دکھا سکا اورانگلینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی بالر حسن علی اور محمد عباس نے چار چار جبکہ فہیم اشرف اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو سال بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوا ہے، آخری مرتبہ 2016 میں پاکستان نے انگلینڈ کو اوول میں شکت دے کر آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔


متعلقہ خبریں