امریکا نے جو کیا ان کا حق تھا، ہم نے سازش پر کیا کیا؟ شہباز گل


پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ احسن اقبال دوسروں کی اسائنمنٹ کی نقل کرنے والے پروفیسر ہیں، جولائی میں لوڈ شیڈنگ سےعوام کے ہوش اڑ جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ احسن اقبال دوبارہ نیا ویژن لارہے ہیں جسے یوٹرن بھی کہہ سکتے ہیں ،احسن اقبال کے مطابق 2023 تک اکانومی 100 بلین تک جانی تھی۔

تحریک انصاف نے 90 فیصد ایل این جی خریدی تھی، آج حکومت ایل این جی نہیں لے رہی ، جولائی میں لوڈ شیڈنگ سے ہوش اڑ جائیں گے، ن لیگی گروپ بتاتا تھا ہم آئسولیٹ ہوگئے ہیں، الیکشن سندھ اور خیبرپختونخوا میں ہوئے لیکن دونوں میں صورتحا ل کا فرق واضح تھا۔

پی ٹی آئی کا موقف کورٹ نے تسلیم کیا ہے، ہمارا وقت ضائع کرنے پر معذرت کا نوٹس آنا چاہیے، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی کام کیا، دن کو ڈاکہ مارا گیا، لیکن ہائی کورٹ نے اس پر مہر لگائی، جب سے حکومت آئی ہے، مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ، قانون سازی 1100 ارب روپے کی چوری بچانے کے لیے کی گئی۔

سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ سے محروم کرنے کا قانون لایا گیا، عمران خان سے این آر او مانگا جاتا تھا اس کے لیے چن چن کے کام کیے گئے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ فوج ہمارے دل میں ہے، کسی ڈر اور مصلحت سے نہیں، ہم پاکستانی ہیں، ن لیگ نہیں، فوج ہمارا فخر اور اس کے شہدا ہمارا فخر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی نئے آئین بنانے کی کوشش ناکام بنا دی، اسد عمر

امریکہ نے اپنی فارن پالیسی کے مطابق جو کیا انکا حق تھا ، ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ امریکہ کی سازش پر ہم نے کیا کیا ، دنیا سستا تیل لے رہی ہے اور ہم غلام ہیں آزاد فیصلے نہیں کرسکتے۔پاکستان کی فارن پالیسی پاکستان کے انٹرسٹ والی ہونی چاہیے۔

تحریک انصاف جھوٹ بولنے کی ریس میں جیتنے والوں کو سونے کا تاج پہنائے گی ، مریم نواز ، مریم اورنگزیب اور مفتاح اسماعیل ریس میں شامل ہیں، باجی نے دوبارہ ویڈیو ویڈیو کھیلنے کا اعلان کیا ہے، مریم باجی ویڈیوز کی باتیں چھوڑ دیں آپ ماں نانی اور خالا بن چکی ہیں۔

چین نے 17 ممالک کو مدعو کیا پاکستان شامل نہیں ، تحریک انصاف حکومت کو کہا جاتا تھا کہ حکومت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے ، پاکستان کو ترقیاتی کانفرنس میں مدعو نہ کرنا چین کا خاموش احتجاج ہے۔

سوات میں جیت پر مراد سعید اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کو مبارکباد دیتا ہوں ، تحریک انصاف نے سوات میں 13 جماعتوں کو شکست دی ، سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران جو کچھ ہوا الیکشن کمیشن سمیت کسی کو نظر نہیں آیا ۔

رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ گزشتہ روز بنی گالا میں جاسوسی کے الزام میں پکڑا ملازم میڈیا کے سامنے پیش کیا ، اب کہا جارہا ہے کہ ملازم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا ،ملازم کو ریکارڈنگ کی ڈیوائس دی گئی ، اس نوجوان کو نوکری پر رکھا گیا عمران خان وزیراعظم تھے ، بیرونی سازش کے دوران اس ملازم کو خریدا گیا ، ملازم کو وزیراعظم کے خلاف کس نے خریدا ، پیسہ دیا ،کون تھا جو اپنے وزیر اعظم کی جاسوسی کروارہا تھا اور اسی کی سزا کیا ہے، میں ہاتھ جوڑتا ہوں نہ کریں، ہم نے اسی ملک میں رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ میں بہت سی جماعتیں پہلے بھی جلسہ کرچکی ہیں ، تحریک انصاف بھی پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔ سندھ میں عوام زیادہ نکلتی ہے تو زیادہ ووٹ پڑتا ہے، زیادہ ووٹ پڑتا ہے تو زیادہ دھاندلی کرنا پڑتی ہے۔


متعلقہ خبریں