ویمنز ورلڈ کپ، قومی ٹیم کو ایک اور شکست


کرائسٹ چرچ: ویمن ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میگا ایونٹ میں قومی ویمنز ٹیم کی بدترین کارکردگی سامنے آئی ہے اور اب تک کھیلے گئے 7 میچز میں سے قومی ٹیم صرف ایک میں کامیابی حاصل کر سکی جبکہ 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ویمنز ورلڈکپ کے 26 ویں میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہو سکا اور کیوی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 265 رنز بنا لیے۔

نیوزی لینڈ کی اوپنر بیٹر سوئز بیٹس نے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ کیٹی مارٹن 30، بروک ہالیڈے 29 اور میڈی گرین نے 23 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، انعم امین، فاطمہ ثنا، نشرح سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک آسٹریلیاون ڈےسیریز، اسٹیو اسمتھ دستبردار

قومی ویمنز ٹیم 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مخالف باؤلرز کے دباؤ میں نظر آئیں اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے۔ ندا ڈار نے نصف سینچری اسکور کی تاہم وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکیں۔

قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکی اور اسے 71 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنا روئے نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فرانسس میکے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں