تحریک انصاف کے کارکنوں کا دو ایم این ایز کے ہمراہ سندھ ہاؤس پردھاوا، گیٹ توڑ کر اندر داخل


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے 2 اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کر لیا،  دونوں اراکین قومی اسمبلی کو بھی حراست میں لے لیا جنہیں بعد میں شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا گیا

پی ٹی آئی کے کارکنان نے سندھ ہاؤس میں داخل ہو کر منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں لوٹے اٹھا رکھے تھے اور منحرف ارکان اسمبلی اور حزب اختلاف کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین  احتجاج کے دوران سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھے۔

مظاہرے میں شامل پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا کہ انہیں عمران خان کے نام پر ووٹ ملا تھا، یہ غدار ہیں، ہم نے انہیں صرف ایک پیغام دیا ہے لیکن ابھی فلم باقی ہے۔ ہم پرامن طریقے سے آئے تھے لیکن پولیس کی کارروائی پر ہم نے اپنا ردعمل دیا۔

رکن قومی اسمبلی عطا اللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان ان کا پیچھا کریں گے، انہیں چاہیے کہ واپس آئیں اور عمران خان سے معافی مانگیں۔ اگر انہیں شکایت ہے تو استعفیٰ دیں اور الیکشن لڑ کرآئیں۔ پہلے استعفے دیں پھر جو سیاست کرنی ہے کریں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئی جی سے بات کی ہے اور تمام مظاہرین کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہاؤس پر آنے والے دونوں ارکان قومی اسمبلی کو بھی گرفتار کرنے کا کہا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما وفاقی وزیر اسد عمر نے کارکنان کو سندھ ہاؤس سے واپس جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان سندھ ہاؤس فوری طور پر خالی کریں اور ایسی کسی کارروائی کا حصہ نہ بنیں جو آئین اور قانون کے خلاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور قانون ہاتھ میں لینا ہماری پالیسی کے خلاف ہے۔


متعلقہ خبریں