پشاور دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہو گئی


پشاور: خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہو گئی۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق پشاور خودکش دھماکے کے مزید 4 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دھماکے کے 37 زخمی زیر علاج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں زیر علاج دھماکے کے زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک زخمی کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا۔ پشاور دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامعہ مسجد میں فائرنگ کے بعد خودکش دھماکہ ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق کوچہ رسالدار کی مسجد میں  خود کش حملہ آور نے داخل ہو کر پولیس اور نمازیوں پر فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور خودکش دھماکے کا مقدمہ درج

آئی جی خیبر پختونخوا معظم جا انصاری نے میڈیا کو  بتایا کہ پولیس موقع پر موجود تھی، مسجد کے باہر 2 اہلکار سیکیورٹی پر تعینات تھے، حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل موقع پر شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔


متعلقہ خبریں