وزیر اعظم نے ریلیف دیا تو حزب اختلاف نے منافقت شروع کردی، فرخ حبیب


اسلام آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم نے ریلیف دیا تو حزب اختلاف نے منافقت شروع کر دی ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے وفاقی وزیر خسرو بختیار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور 40 ڈالر والا پیٹرول اب 100 ڈالر سے زائد ہو گیا ہے۔ پوری دنیا میں قیمتوں میں اضافہ ہوا اور حکومتوں پر دباؤ آیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مہنگائی کا 42 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ دنیا پر کورونا وبا کے اثرات بھی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کیونکہ وزیر اعظم کو قوم کا احساس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا، مراد سعید

فرخ حبیب نے کہا کہ ایکسپورٹس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ حزب اختلاف کہتی تھی کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایجنڈے پر مہنگائی کی اور جب وزیر اعظم نے عوام کو ریلیف دیا تو حزب اختلاف نے منافقت شروع کر دی۔ اب حزب اختلاف کہہ رہی ہے کہ یہ تو آئی ایم ایف کے پروگرام سے نکل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی ہو یا اضافہ حزب اختلاف رونا شروع کر دیتی ہے۔ آج کا وزیر اعظم منی لانڈرنگ نہیں کر رہا اور بیرون ملک محل بھی نہیں بنا رہا۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں داخل ہونے کے بعد دمادم مست قلندر ہو گا، بلاول بھٹو

وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے اور معیشت صحیح سمت میں جا رہی ہے۔ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے صنعتوں کا فروغ بہت ضروری ہے اور ملکی صنعت کی شرح ترقی 12 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے لیے برآمدات کا ہدف 36 ارب ڈالر ہے اور حکومت صنعتوں کی بحالی کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان بھی کر چکی ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی خصوصی مراعات دیں گے اور پر امید ہیں مراعات سے ملک میں صنعتی پیداوار اور برآمدات بڑھیں گی۔


متعلقہ خبریں