مونال سیل کرنے کےخلاف اپیل کل سماعت کےلیے مقرر کی جائے :سپریم کورٹ


سپریم کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کےخلاف مونال کی اپیل پر نمبر لگا کراپیل کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

دوران سماعت مونال کے وکیل نے نمبرلگانے کے بعد اپیلوں پرآج ہی سماعت کرنے کی استدعا کی، جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ کیا ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آگیا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: عدالتی حکم پر مونال ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا

مونال کے وکیل کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ ملا نہ ہی مختصر حکمنامہ کی تصدیق شدہ نقل ملی۔ کیس فائل فیصلہ دینے والے جج کے چیمبر میں ہے اس لیے نقل نہیں مل سکی۔

عدالت فیصلے کی تصدیق شدہ نقل کے بغیر ہی سماعت کر لے، اپیل کیساتھ لگائی گئی فیصلے کی نقل ہائیکورٹ کی ویب سائٹ سے لی گئی ہے۔

یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ کو جنوری میں سیل کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے سی ڈی اے کو نیوی گالف کورس کا قبضہ لینے اورسیکرٹری دفاع ‏کوتجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے مارگلہ ہلزنیشنل پارک میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کیسز پرسماعت کی تھی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ یہ عدالت وسیع عوامی مفاد کا تحفظ کرے گی، مسلح افواج کومتنازعہ نہیں بنانے دیگی، وفاقی حکومت کی زمین پرکوئی گھاس بھی نہیں کاٹ سکتا، سب سے پہلے خود کا احتساب کرنا ہے، لاقانونیت کی وجہ سے غریب غریب رہ گیا۔

 


متعلقہ خبریں