امریکہ میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ


واشنگٹن: امریکہ میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیریوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے جمع ہونے والے شرکا نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرائی۔

مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے حل میں مدد دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “سب کی آزادی: کشمیر کی آزادی”، “ہم انسانی حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں”، “جاگو جاگو اقوام متحدہ جاگو”، “بھارتی فوج کو کشمیر سے نکال دو” اور “بھارت: کشمیر کو آزاد کرو” کے نعرے درج تھے۔

واشنگٹن میں قائم “ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس” کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے وسیع پیمانے پر حمایت کو سراہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس یوکرین پر آئندہ چند ہفتوں میں حملہ کرسکتا ہے، امریکی دعویٰ

ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن کشمیر میں اس کے اقدامات اس کے برعکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے انسانی حقوق کے ریکارڈ کو درست کرنے کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی اپنی دہشت گردی کو قانونی شکل دے دی ہے۔

ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کیے گئے کالے قوانین سے ایک ایسی صورتحال بن گئی ہے جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے بھارتی فورسز کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں