انتخابی اصلاحات بل: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط کردیے

انتخابی اصلاحات بل: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط کردیے

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ انتخابی اصلاحات بل پر دستخط کردیے ہیں۔

ای وی ایم بل منظور ہوا تو آئندہ الیکشن آج سے نہیں مانتے، بلاول بھٹو

ہم نیوز کے مطابق اس سلسلے میں ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دستخط کیے جانے کے بعد انتخابی اصلاحات بل قانون بن گیا ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، بلز منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ، کاپیاں پھاڑ دیں

اس قانون کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے جب کہ آئندہ تمام انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پہلے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرچکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے چند دن قبل واضح طور پر کہا تھا کہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد نہ ہوں تو حکومت کے لیے فنڈز دینا ممکن نہیں ہو گا۔

ہم نیوز کے مطابق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے کیونکہ انہوں نے اس کیلئے بے پناہ محنت اور کوشش کی ہے۔

ای وی ایم کا استعمال؟ 14 مراحل سے گزرنا ہو گا، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، سیکرٹری الیکشن کمیشن

انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنے والوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال میں مشکلات درپیش نہیں ہوں گی کیونکہ انھیں یقین ہے کہ ووٹر آسانی کے ساتھ اس نئے نظام کو سمجھ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین بالکل کیلکولیٹر کی طرح کام کرتی ہے۔

آئی ووٹنگ کے بارے میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا حق ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں بھی دھاندلی کے الزامات لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس نظام کو ٹھیک کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 بجے جب پولنگ ختم ہو گی تمام پولنگ افسران کے ہاتھ میں ان کے نتائج ہوں گے۔

پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کروانے کا فیصلہ

صدر مملکت نے واضح طورپر کہا کہ ای وی ایم سے متعلق الیکشن کمیشن جلد نوٹیفکیشن جاری کرے گا جس کے بعد اخبارات میں اشتہارات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے ووٹوں کی چوری جیسے الزامات کا خاتمہ ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جن ممالک نے ای وی ایم کو مسترد کیا ان کے اپنے سسٹم کافی مضبوط ہیں جب کہ ہمارے سسٹم کی کمزوری کے باعث ای وی ایم لانا ضروری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کے لیے 2010 سے کوششیں جاری تھیں۔

انتخابی اصلاحات قومی ایجنڈا ہے، فواد چودھری

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ تمام الیکشن متنازعہ ہونے کے باعث ملک کا سیاسی و جمہوری نظام متاثر ہوا۔


متعلقہ خبریں